
مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی تلاش ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، وزیراعظم
اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم استحصال کے حوالے سے پیغام میں بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کی، انہوں نے کہا کہ یوم استحصال بھارتی بربریت کی ایک سنجیدہ یاد دہانی ہے، بھارت کا غیر قانونی اور ناجائز قبضہ علاقائی عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کشمیری قیادت کو خاموش کرنے کی کوششیں بھارت کے وسیع تر تسلط پسند اور انتہا پسندانہ ایجنڈے کا حصہ ہیں، جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ حل کی تلاش ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، دنیا مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے انسانی حقوق کے جرائم کو روکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے ہی وطن میں بے اختیار کمیونٹی بننے کا خطرہ لاحق ہے، پاکستان کشمیریوں کے جائز حقوق کے حصول تک ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔