
وزیرِاعظم کی ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات پر زور
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ماحولیاتی تبدیلی جیسے سنگین چیلنج سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مؤثر کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔گلگت میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی کو ہدایت دی کہ وہ فعال اور پیشگی حکمتِ عملی اپنائے۔انہوں نے موسمیاتی مزاحمتی انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی اخراجات میں معمولی حصہ ڈالنے کے باوجود ان دس ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام خطے موسمیاتی اثرات سے دوچار ہیں اور اس بحران سے نمٹنے میں وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کا کردار نہایت اہم ہے۔
شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کی امدادی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گلگت بلتستان میں دانش اسکولز قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے گلگت بلتستان کے لیے منظور شدہ سولر پاور منصوبے کی ذاتی نگرانی کا بھی اعلان کیا اور بتایا کہ جلد ہی اس کی منظوری ای سی این ای سی سے لی جائے گی تاکہ اسے جلد مکمل کیا جا سکے۔