
پاکستان کی مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت
پاکستان نے ہزاروں اسرائیلی آبادکاروں، جن میں وزراء اور کنیسٹ کے ارکان شامل تھے، کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان شفقات علی خان نے بیان میں کہا کہ یہ اشتعال انگیز اور قابلِ نفرت عمل مذہبی جذبات کو بھڑکانے اور خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے خطے میں خطرناک تشدد بھڑکنے کا اندیشہ ہے اور یہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ترجمان نے عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ، سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسرائیل کو اس کے غیر قانونی اقدامات کا جوابدہ ٹھہرائے اور فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت کا تحفظ یقینی بنائے۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس کو دارالحکومت بنانے کے موقف کو دہرایا۔