
پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دیکر سیریز جیت لی
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں میزبان ٹیم کو 13 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔صاحبزادہ فرحان 74 اور صائم ایوب 66 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ حسن نواز 15 اور محمد حارث 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 176 رنز ہی بنا سکی اور اسے 13 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اوپنرز کی جانب سے 44 رنز کا آغاز فراہم کیا گیا لیکن پھر وقتاً فوقتاً گرنے کے باعث رنز بنانے کی رفتار سست ہوگئی اور پاکستانی باؤلرز نے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو زیر کرلیا۔میزبان ٹیم کے ایلک اتھانازے 60 اور شرفان ردرفورڈ 51 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے لیکن ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔
پاکستانی اسپنرز نے ایک بار پھر اپنی مہارت کا ثبوت دیا اور اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی، محمد نواز، حارث رؤف، صائم ایوب اور سفیان مقیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔!‘