بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ایرانی صدر اسرائیل کیخلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت پر پاکستان کے مشکور

پاکستان اور ایران نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یہ عزم صدر آصف علی زرداری اور ان کے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے درمیان اتوار کو اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے علاقائی مسائل پر ایران کے اصولی موقف کو سراہا اور علاقائی تعاون کے لیے تہران کی مسلسل حمایت کا اعتراف کیا۔

آصف علی زرداری نے نازک لمحات میں ایران کی یکجہتی پر اظہار تشکر کیا اور پرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر نے ایرانی سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی مسلسل حمایت کرتے ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور حالیہ بارہ روزہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی بہادری اور اتحاد کو سراہا۔

ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے 12 روزہ جنگ کے دوران حمایت پر پاکستان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارت کاری کی وکالت میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور تنازعات کو بڑھنے سے روکنے اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مربوط سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں اطراف نے وسیع اور باہمی طور پر فائدہ مند شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اشتہار
Back to top button