
پاکستان کے عبدالرافع پراچہ نے بایولوجی اولمپیاڈ میں گولڈ میڈل حاصل کرکے تاریخ رقم کردی
پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر سائنسی میدان میں اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 35ویں انٹرنیشنل بایولوجی اولمپیاڈ میں پہلی بار گولڈ میڈل جیت لیا۔ یہ اعزاز عبدالرافع پراچہ نے حاصل کیا، جنہوں نے فلپائن میں 20 جولائی سے شروع ہونے والے اس عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت ڈاکٹر اسماء عمران اور ڈاکٹر اسما رحمان نے کی۔ ٹیم کی رکن عیان اسلم نے اولمپیاڈ میں آنرایبل مینشن حاصل کی، جبکہ سعدیہ ذوالفقار اور عروج فاطمہ نے بھی اس مقابلے میں ملک کا وقار بلند کیا۔
دوسری جانب، پاکستان نے فرانس میں ہونے والی 55ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں بھی شاندار کامیابی حاصل کی۔
دانیال شہزاد حامد نے اس مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا، جبکہ محمد بلال کو اعزازی سند سے نوازا گیا۔ اسی مقابلے میں ایمان فاطمہ کو "Thales Solidarity” کا خصوصی ایوارڈ بھی دیا گیا۔
اٹامک انرجی کمیشن کے ترجمان کے مطابق، یہ کامیابیاں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور سائنسی تعلیم کے فروغ کا منہ بولتا ثبوت ہیں، اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتی ہیں۔