
دورہ آئرلینڈ کیلئے ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان، فاطمہ ثناء قیادت کرینگی
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے 15 رکنی قومی خواتین اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سیریز کا آغاز 6 اگست سے ہوگا جبکہ تمام میچز کلونٹارف کرکٹ کلب، ڈبلن میں کھیلے جائیں گے۔
فاطمہ ثناء کو ایک بار پھر کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ 22 سالہ نوجوان کھلاڑی ایمن فاطمہ کو پہلی بار اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، ایمن فاطمہ کو مئی 2024 میں کراچی میں ہونے والے قومی خواتین ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے 155.14 کے اسٹرائیک ریٹ سے آٹھ میچز میں 287 رنز اسکور کیے تھے۔ ایمن فاطمہ 2023 میں پاکستان کی جانب سے آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھی شرکت کر چکی ہیں۔
یہ اسکواڈ کراچی میں جاری خواتین کے اسکلز کیمپ میں شریک 24 کھلاڑیوں میں سے منتخب کیا گیا ہے، جو 27 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔ منتخب کھلاڑی اس کے بعد پری سیریز کیمپ میں شرکت کریں گے، جس کے بعد ٹیم آئرلینڈ روانہ ہوگی۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں فاطمہ ثناء (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، منیبہ علی، ناجیہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبہ حسن اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق پہلا میچ 6 اگست، دوسرا 8 اگست اور تیسرا میچ 10 اگست کو ڈبلن کے کلونٹارف کرکٹ کلب میں کھیلا جائے گا۔