
صدر اور وزیراعظم کا جمہوری اقدار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمدشہباز شریف نے پارلیمانی اداروں کو مضبوط بنانے اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔آج (پیر) پارلیمان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغام میں انہوں نے جمہوریت، آزادی، جامعیت، رواداری اور سماجی و معاشی انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ موثر قانون سازی اور نگرانی کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، طرزحکمرانی اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے میں مدد کرسکتی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پارلیمنٹ ہمارے جمہوری ڈھانچے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے اور جوابدہی، شفافیت، صنفی مساوات اور سماجی تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔پارلیمان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ جمہوری نظام کے استحکام کے لئے پارلیمان کی بالادستی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک فعال، شفاف اور موثر پارلیمنٹ عوام کی حقیقی آواز اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ عالمی امن، جمہوریت اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے بین الپارلیمانی یونین کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔