بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اسرائیل ،ایران تنازع کے حل سے خطے میں امن وخوشحالی آئے گی،وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران تنازع کے حل سے خطے میں امن و خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔انہوں نے یہ بات آج (جمعہ) اسلام آباد میں وفاقی بجٹ 2025-26 کی منظوری کے بعد سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے دوران ہر سطح پر ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔شہبازشریف نے کہا کہ وہ جنگ کے دوران ایرانی قیادت بالخصوص صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ رابطے میں رہے۔وفاقی بجٹ 2025-26سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بجٹ کی تیاری اور منظوری میں کردار ادا کرنے پر تمام اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس مثالی اتحاد کے ساتھ ملک کے معاشی استحکام کیلئے ہم سب کو دن رات محنت کرنا ہوگی۔بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حالیہ فتح کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان، پوری سیاسی قیادت، عوام، سول سوسائٹی اور میڈیا نے یکجہتی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح سے اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی وفد نے پاکستان کا مؤقف واضح اور بھارت کے پاکستان کے حوالے سے ناپاک عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔

اشتہار
Back to top button