
پاکستان اور امریکہ کا دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
پاکستان اور امریکہ نے خاص طور پر تجارت میں اضافہ کے ذریعے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے وزیراعظم محمد شہبازشریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ہوا۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا جس کی وجہ سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی عمل میں آئی۔انہوں نے امریکہ کی جانب سے پاکستان بھارت جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر وزیر خارجہ مارکوروبیو کا بھی شکریہ ادا کیا۔مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ان کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ مارکوروبیو نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ خطے میںامن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے۔