
صدر،وزیراعظم کی نئے اسلامی سال کے آغاز پر قوم کو مبارکباد
صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم محمدشہبازشریف نے نئے اسلامی سال چودہ سو سینتالیس ہجری کے آغازپر قوم اور مسلم امہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے دعا کی کہ نیا ہجری سال پاکستان اور پوری مسلم دنیا کیلئے امن، خوشحالی اور استحکام لے کے آئے۔صدر نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ اسلام کا ایک مقدس مہینہ ہے اور اللہ تعالیٰ نے اس مقدس مہینے کے دوران ہمیں تمام تنازعات اور اختلافات سے منع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کی روح ہمیں فرقہ واریت،انتشار اور مایوسی سے بچنے کا درس دیتی ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں زور دیا کہ محرم الحرام ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی سچائی، انصاف اور اعلیٰ اقدار کے فروغ کیلئے دی جانے والی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔شہبازشریف نے نئے اسلامی سال کے دوران پاکستان کے امن اور استحکام خصوصاً فلسطین اور بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموںوکشمیر میں بے گناہ مسلمانوں کے خلاف جاری مظالم کے خاتمے کیلئے دعا بھی کی۔