
ڈاکٹر محمد قيوم خان ایک روشن ستارہ اور نشان منزل کی مانند ہیں
محمد عثمان غازی صدر تنظیم اساتذہ پاکستان وادی سون نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ڈاکٹر محمد قيوم خان ایک روشن ستارہ اور نشان منزل کی مانند ہیں،جنہوں نے قلیل عرصہ میں ضلع خوشاب کے تعلیمی اداروں میں انقلاب برپا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ شخصیات اللّٰہ تعالٰیﷻ کا خصوصی انعام ہوتی ہیں، جو بطور تحفہ عطا ہوتی ہیں اور بطور سزا چھین لی جاتی ہیں، ڈاکٹر محمد قيوم خان بھی ایسے ہی رجال کار میں سے ایک تھے۔
یہ ضلع خوشاب کی خوش قسمتی تھی کہ ایسی متحرک، دیانتدار، صاحب کردار اور فقیدالمثال تعلیمی قیادت ضلع خوشاب کو ایک قلیل وقت کے لیے نصیب ہوئی اور بدقسمتی یہ ہے کہ خوش قسمتی کا دورانیہ نہایت قلیل ثابت ہوا، لیکن اس قلیل دورانیہ میں بھی ڈاکٹر موصوف نے لیڈر شپ کی وہ مثالیں قائم کیں جن سے آگے بڑھنا شاید ناممکن تو نہ ہو لیکن انتہائی مشکل ضرور ہوگا-
وہ شخص جس نے حقیقی معنوں میں دن رات ایک کردیا، راتوں کی تاریکیوں میں بھی اپنے فرائض منصبی سے غافل نہ ہوئے اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی سنت کو زندہ کیا، اپنی ذمہ داریوں کے ہجوم کو اپنی مہارت سے منظم انداز میں نبھا کر آنے والوں کے لیے ایک روشن مثال قائم کی – محمد عثمان غازی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد قيوم خان سی او خوشاب نے اپنی ذمہ داریوں کو جہاد سمجھ کر ادا کیا ،کئی سکولوں میں سولر پینل لگوائے، جس سے ہزاروں روپے بجلی بل کی مد میں بچائے، سکولوں میں افسران کے دوبارہ دوروں کو مروج کیا۔آپ نےان دور دراز کے مشکل ترین سکولوں کے دورے بھی کئے جہاں پچیس پچیس سالوں سے کسی قابل ذکر آفیسر کو جانے کی توفیق نہیں ہوئی، ڈاکٹر موصوف ہر روز ایک سکول کی اسمبلی میں موجود ہوتے طلباء اور اساتذہ کرام سے موٹیویشنل خطاب کرتے، طلباء اور اساتذہ کرام کی ہمت و حوصلہ اور خوداعتمادی کو بڑھاتے۔ ایسسمنٹ رجسٹر کا اجراء ہوا جس سے تعلیمی سرگرمیوں میں باقاعدگی اور احتسابی عمل کو بآسانی مانیٹر کیا جاسکتا تھا- صدر تنظیم اساتذہ پاکستان وادی ء سون نے کہا کہ جناب ڈاکٹر محمد قیوم خان اساتذہ کرام کے مسائل کے حل کے لیے اپنے دروازے نہ صرف ہر وقت کھلے رکھے بلکہ آگے بڑھ کر انہیں حل کرانے میں بھی اپنا کردارادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالٰیﷻ سے دعا ہے کہ وہ انہیں مزید کامیابیوں اور عزت و اعزاز سے نوازیں-