
امریکی صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کو اعزاز قرار دیدیا
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ظہرانہ کیبنٹ روم میں دیا گیا، اس دوران آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات اعزاز ہے، ان کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے کیوں کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے کے لیے شکریہ ادا کرنے کے لیے ظہرانے پر مدعو کیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سے ملاقات کے دوران حالیہ ایران اور اسرائیل کے معاملے پر بھی بات ہوئی، پاکستان ایران کو بہت زیادہ جانتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہورہی ہے جب کہ فیلڈ مارشل سے پاکستان کے تجارتی معاہدے پر بھی بات ہوئی۔ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران سے بات چیت کے معاملے میں اب بہت تاخیر ہوچکی ہے۔