بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کے زیر اہتمام ادبی ایوارڈز کانفرنس کاانعقاد

خصوصی تحریر

انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کے زیر اہتمام پہلی ادبی ایوارڈز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ چیئرمین انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز زبیر احمد انصاری کی زیر نگرانی تقریب کا شاندار طریقے سے انعقاد کیا گیا ۔ اس پر وقار تقریب میں صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری ، نامور سینیئر صحافیوں مجیب الرحمان شامی اور آصف نسوانہ نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب کی صدارت چیرمین انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز زبیر احمد انصاری نے کی ۔ اس موقع پر نائب صدر انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز ایڈووکیٹ سعدیہ ہماء شیخ نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے آئ یو او ڈبلیو کے قیام کے کے اغراض و مقاصد پرروشنی ڈالی۔انہوں نے تمام شرکائے تقریب کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ ہماری یہ تنظیم محترم زبیر احمد انصاری کی زیر قیادت ادیبوں، صحافیوں، قلم کاروں اور مصنفوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

نظامت کے فرائض ریحانہ عثمانی اور حورعین فیصل نے بطریق احسن سرانجام دئیے۔ اس شاندار تقریب میں ملک بھر سے نامور قلم کاروں ، صحافیوں ، دانشوروں ، ادیبوں اور مصنفوں نے بھرپورشرکت کی۔ پروقار ادبی کانفرنس میں آنے والے مہمانان خصوصی اور مہمانان گرامی کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ دوران تقریب مہمانان خصوصی صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور معروف سئنیر صحافی مجیب الرحمان شامی کی دستار بندی بھی کی گئی۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری ، سینیئر صحافی مجیب الرحمان شامی، معروف اینکر پرسن ثناء آغا خان ، نامور قلمکارہ ثمینہ طاہر بٹ اور آئی یو او ڈبلیو کے چیرمین زبیر احمد انصاری نے ادیبوں اور صحافیوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔

اس موقع پر چیئرمین انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز زبیر احمد انصاری نے اس تقریب کی شاندار الفاظ میں پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قلم کاروں ، مصنفین ، ادیبوں ، صحافیوں اور دیگر اہل علم و ادب کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رائٹرز بہت پسا ہوا طبقہ ہے انشاءاللہ کوشش کی جائے گی کہ یہ لوگ خوش ہوں، ان کو جو معاشی مسائل درپیش ہیں ان کا حل نکالا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ا نے ان کو اعلی ا صلاحیتوں سے نوازا ہے معاشی نا آسودگی کی وجہ سے ان کے گھروں کا چولہا نہیں جلتا۔ انشاءاللہ اس تنظیم کو مالی طور پر منظم کر کے صحافیوں اور قلم کاروں کی بھرپور مدد کریں گے ۔ جس طرح سے یہ ہم عوام الناس کی خدمت کرتے ہیں اسی طرح سے ہمیں بھی ان کی خدمت کرنا لازم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رائٹرز اور کیمرہ مین صبح سے شام تک پتہ نہیں کہاں کہاں کی خاک چھاننے کے بعد اپنی اولاد کا پیٹ بھرتا ہے ۔ ہم اپنے قلمکار بھائیوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے۔

زبیر احمد انصاری نے کہا کہ انٹرنیشنل یونین آف رائٹر کو اس کی مثال بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محترم ارشد انصاری صدر لاہور پریس کلب کی پوری ٹیم نے شاندار ایونٹ میں شرکت کی اور ارشد انصاری نے کہا کہ ہم ہر سال انٹرنیشنل یونین ْف رائٹرز کے چار /پانچ لوگوں کو لاہور پریس کلب کی ممبر شپ دیا کریں گے ۔ لاہور پریس کلب کی ممبرشپ حاصل کرنا بہت مشکل کام ہے ۔ ہمارے لیے یہ بہت بڑی بات ہے، یہ ایک خاص اچیومنٹ ہے۔

زبیر احمد انصاری نے کہا کہ چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان لاہور سینیئر صحافی جناب مجیب الرحمان شامی ہمیشہ دست شفقت رکھتے ہیں، ان لوگوں کا پیار مجھے اور حوصلہ دیتا ہے ۔ نامور سئنیر صحافی جناب مجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ چیئرمین انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز زبیر احمد انصاری ہمیشہ سے نوجوان لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کرتے چلے آ رہے ہیں ۔ پوری دنیا میں انہوں نے لکھاریوں کو جوڑ رکھا ہے ان کی یہ کوشش قابل صد ستائش ولائق تحسین و آفرین ہے ۔ اس لحاظ سے وہ بڑی خدمت کر رہے ہیں۔

انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کے زیر اہتمام ادبی ایوارڈز کانفرنس کا انعقاد کر کے لکھاریوں کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ہے جو وہ پاکستان کے لیے سر انجام دے رہے ہیں ۔ یہ واقعی ایک بہت بڑا لکھاریوں کا اجتماع ہوا ہے۔ یہ نوجوان ہمارا مستقبل ہے، ان کی حوصلہ افزائی کرنا، ان کو آگے بڑھانا، ہمارا قومی فریضہ ہے۔ اس کے لیے ہم زبیر احمد انصاری کے شکر گزار ہیں ۔ اس موقع پر سینیئر صحافی و معروف اینکر پرسن ثناء آغا خان کا کہنا تھا کہ رائٹرز کی کوئی باؤنڈری نہیں۔ انہوں نے اپنا جو جوش و جذبہ اپنی فوج کے لیےدکھایا اور ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ جو ایوارڈ تقریب منعقد کی گئ ہے یہ صرف اس لیے کہ ہم نے جنگ میں اپنی تحریروں سے، اپنی آواز سے اور اپنے قلم سے اپنی قوم کو متحد رکھا بلکہ اس میں جوش و خروش پیدا کیا اور یہ ایوارڈ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے اور انشاءاللہ یہ سلسلہ مسلسل جاری رہے گا ۔ اس موقع پر شرکاءے تقریب نے انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کے زیر اہتمام شاندار ادبی ایوارڈز کانفرنس کا انعقاد کروانے پر زبیر احمد انصاری ، ثمینہ طاہر بٹ، ایڈووکیٹ سعدیہ ہماء شیخ، میاں محمد اصغر بھٹی اور دیگر تنظیمی عہدیداران اور معاونین کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا یہ ادبی کانفرنس اردو ادب کی خدمت ہے اور اس سے ملک بھر کے لکھاریوں کی حوصلہ افزائی اور عزت افزائی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علم و ادب اور صحافت کے میدان میں نئے آنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور ایسی تقریبات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے ۔ انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کی اس ادبی کانفرنس میں پاکستان بھر سے صحافیوں اور رائٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس پر وقار کانفرنس میں صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان لاہور مجیب الرحمان شامی ، معروف اینکر پرسن ثناء آغا خان ، معروف مصنفہ ایڈووکیٹ سعدیہ ہماء شیخ ، حورعین فیصل ، نبیلہ اکبر ، ریحانہ عثمانی، آصف نسوانہ ، ندیم نذر اور ثمینہ طاہر بٹ سمیت ملک بھر سے متعدد لکھاریوں ، ادیبوں ، دانشوروں ، مصنفوں ، صحافیوں اور دیگر اہل قلم حضرات نے بھرپورشرکت کی۔

برسبیل تذکرہ یہاں راقم الحروف (راجہ نورالہی عاطف / خوشاب ) یہ عرض کرتاچلوں کہ میں کیونکہ خود انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز سے وابستہ ہوں تو مجھے اس بات کا اظہار کرتے ہوءے دلی خوشی محسوس ہورہی ہے کہ ہمارے قائد محترم جناب زبیر احمد انصاری اہل علم و ادب کے لیے اپنی اس مساعی جمیلہ پر زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ درحقیقت یہ اہل علم و ادب حضرات کا ایک منفرد اور خوبصورت اجمتاع تھا جس نے پاکستان بھر کے لکھاریوں کو ایک خوبصورت گلدستے میں پرودیا۔ اللہ تعالیٰ محترم المقام جناب زبیر احمد انصاری چیرمین انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کو مزید اسی طرح شاندار کامیابیوں و کامرانیوں سے سرفراز کریں۔ آمین

اشتہار
Back to top button