
طلال چودھری کا این سی سی آئی اے کی کارکردگی پراطمینان کااظہار
اُمور داخلہ کے وزیر مملکت طلال چودھری نے سائبر جرائم سے متعلق واقعات سے نمٹنے میں نیشنل سائبرکرائم انوسٹی گیشن اتھارٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے وقفہ سوالات کے دوران قومی اسمبلی کو بتایا کہ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارے میں اس وقت تقریباً پانچ سو ملازمین کام کررہے ہیں اور ادارے میں مزید لوگوں کو بھرتی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
طلال چودھری نے یہ بھی کہا کہ ایف آئی اے کے بدعنوانی میں ملوث عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران ایف آئی اے کے عملے کے اکاون ارکان کو برطرف کیا گیا ہے۔قومی اسمبلی نے ایک قرار داد منظور کی جس میں حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر معطل کرنے کے اعلان کی مذمت کیلئے فوری اقدامات کرے۔یہ قرارداد آبی وسائل کے وزیر محمد معین وٹو نے پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے جو واضح طور پر اعلان جنگ ہے۔وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے راجہ پرویز اشرف کے ایک نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ریلوے کی جن اراضی پر تجاوزات کی گئی ہیں ان کو واگزارکرانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پرانے ریلوے روٹس بالخصوص راولپنڈی، چکوال لائن کی بحالی پر سرگرمی سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ایک توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا پاکستانی عازمین حج کی سہولت کے لئے مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ میں جامع انتظامات کئے گئے ہیں۔ایوان کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔