بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے چینی سفیر نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر جامع اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں دفاعی تعاون اور خطے میں بدلتے ہوئے جیو اسٹریٹیجک حالات شامل تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہم آہنگ اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا جب کہ موجودہ علاقائی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری اور فوری رابطے کو ناگزیر قرار دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایئر چیف نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور آزمودہ تعلقات موجود ہیں، جو باہمی اعتماد، اسٹریٹیجک ہم آہنگی، اور علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ خواب پر مبنی ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کو ’آہنی بھائی‘ قرار دیا اور کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے اور مستقبل میں مزید تعاون اور شراکت داری کے ذریعے یہ مزید گہرا ہوتا جائے گا۔سربراہ پاک فضائیہ نے چین کی مسلسل حمایت اور غیر متزلزل دوستی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے دفاعی شعبے میں جدید کاری اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں چین کے کردار کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مشترکہ آپریشنل مشقوں میں توسیع، اور کثیرالملکی فریم ورکس کے ذریعے اجتماعی ردعمل کی صلاحیت کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔چینی سفیر نے مشرقی سرحد پر حالیہ کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کے جوانوں کی بے مثال آپریشنل مہارت کو سراہا، اور اسے پاک فضائیہ کے اعلیٰ معیار اور قومی دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کا مظہر قرار دیا۔

 

اشتہار
Back to top button