بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم اور مصری صدر کی ٹیلیفونک گفتگو، علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کے حالیہ بحران میں مصر کے تعمیری کردار، متوازن بیانات اور فعال سفارت کاری پر صدر السیسی کا شکریہ ادا کیا، جس سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد ملی۔ وزیراعظم نے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے بھارت کے ساتھ جنگ بندی مفاہمت کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس معاہدے کو مؤخر کرنے کی بھارتی دھمکی پاکستان کے لیے سرخ لکیر ہے۔دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال، بالخصوص غزہ میں جاری انسانی بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے عوام کو فوری اور مسلسل امداد فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے آئندہ اقوام متحدہ کی دو ریاستی حل سے متعلق کانفرنس کے بامعنی نتائج کی امید بھی ظاہر کی۔

وزیراعظم نے پاکستان اور مصر کے باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔صدر السیسی نے پاکستان کی خطے میں امن کے لیے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے غزہ میں انسانی امداد بھیجنے پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے مصری صدر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جو صدر السیسی نے قبول کر لی۔

اشتہار
Back to top button