بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کی کشیدگی میں کمی کیلئےیواین سیکرٹری جنرل کی سفارتی کوششوں کی تعریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریسں پر زور دیا ہے کہ وہ تنازع جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے اس مسئلے کا حل ناگزیر ہے۔

وہ بدھ کی سہ پہر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنر ل سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے، جس میں جنوبی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گزشتہ دو ہفتوں میں دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ تیسری فون کال تھی۔

وزیر اعظم نے جنوبی ایشیا کی کشیدہ صورتحال کو کم کرنے کے لیے سیکرٹری جنرل کی قیادت اور سفارتی کوششوں کو سراہاکیونکہ خطے کا امن پاکستان کے خلاف بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے باعث خطر میں پڑگیا تھا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کے لئے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے بھارتی قیادت کے مسلسل اشتعال انگیز بیانات پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جو علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں۔سیکرٹری جنرل نے جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے علاقائی امن واستحکام کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں فریقوں کے ساتھ رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اشتہار
Back to top button