بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی: آپریشن "بُنیان مرصوص” کا آغاز، اہم بھارتی تنصیبات نشانے پر

بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف پاکستان نے فیصلہ کن اور بھرپور ردعمل دیتے ہوئے ایک منظم جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جسے "آپریشن بُنیانٌ مَرْصُوصٌ” (آہنی دیوار) کا نام دیا گیا ہے۔ اس آپریشن کے تحت پاکستان نے بھارت کے علاقے بیاس میں واقع براہموس میزائل ذخیرہ گاہ اور ادھم پور ایئر بیس کو کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائی ابھی جاری ہے اور بھارتی سرزمین پر متعدد اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ پٹھان کوٹ کا ایئر فیلڈ بھی تباہ کیا جا چکا ہے۔ بیاس میں واقع وہ مقام جہاں سے پاکستان پر میزائل داغے گئے تھے، مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں بھارت کو واضح پیغام دیتی ہیں کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سرحدوں اور قومی سلامتی کے تحفظ پر کسی قسم کی مصلحت کو قبول نہیں کرے گا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق بھارت کی مسلسل جارحیت کے جواب میں اب پاکستان کی کارروائی ایک اہم موڑ پر آ چکی ہے، اور دشمن کو اس کی کارروائیوں کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔

اگرچہ تاحال پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں ہوا، تاہم باخبر ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی مکمل دفاعی حکمت عملی کے تحت، انتہائی منظم انداز میں جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ "ہمارے جواب کا انتظار کرو”، اور اب اس پیغام کی عملی شکل میں جوابی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس آپریشن کے تحت بھارت کے وہ تمام مقامات نشانے پر ہیں جنہیں پاکستان کے خلاف استعمال کیا گیا، چاہے وہ ایئر بیسز ہوں یا وہ مقامات جہاں سے شہری علاقوں، عوام یا مذہبی مقامات پر حملے کیے گئے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ادھم پور ایئر بیس کو تین میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے، جو آپریشن بُنیان مرصوص کا حصہ ہے۔

اشتہار
Back to top button