بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر انتظام  تعلیمی ادارہ جات سرکاری و پرائیویٹ تا حکم ثانی بند کرنے کے احکامات، مظفرآباد

سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے بھارتی جارحیت کے باعث پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر انتظام جملہ تعلیمی ادارہ جات سرکاری و پرائیویٹ تا حکم ثانی بند کرنے کے احکامات صادر کر دیے۔

اسی طرح ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق جب سائرن بجایا جائے گا اس سے مراد کوئی ایمرجنسی یا حملہ ہو تو یہ سنتے ہی محفوظ مقامات پر چلے جائیں۔ بعد از سائرن گھروں کے باہر جلنے والی لائٹس کو بجھا دیا جائے، یو پی ایس اور سولر سسٹم سے چلنے والی روشنیاں بھی گل کر دی جائیں۔

من گھڑت خبروں پر بالکل کان نہ دھرے جائیں بلکہ معقول چینلز، ڈپٹی کمشنر، ڈی جی آئی ایس پی آر، محکمہ اطلاعات آزاد کشمیر کو فالو کیا جائے اور تصدیق شدہ معلومات کو ترجیح دی جائے۔ دوران گولہ باری دروازوں اور کھڑکیوں سے دور ہو جائیں، فرش پر لیٹ جائیں اور آہستہ آہستہ رینگتے ہوئے محفوظ جگہ پر جائیں، اگر آپ گاڑی میں ہیں تو فوراً باہر نکل کر رینگتے ہوئے محفوظ جگہ پر جانے کی کوشش کریں، اگر آپ کھلی جگہ پر ہیں تو پیٹ کے بل لیٹ جائیں اور بازوں کا حصار بنا کر سر کو ڈھانپنے کی کوشش کریں۔

مزید کہا گیا ہے کہ اگر آپ کھلی جگہ پر ہیں تو پیٹ کے بل لیٹ جائیں اور سر کے ارد گرد بازوں کا حصار بنائیں اور ٹانگوں کو پیٹ کی طرف موڑ کر سینے کے گرد حصار بنائیں تاکہ اہم اندرونی اعضاء کو بچایا جا سکے۔ انتظامیہ، پاک فوج، پولیس، ریسکیو1122،سول ڈیفنس، ہیلتھ، برقیات اور دیگر اداروں سے تعاون کیا جائے۔ ایمبولینسز کو روڈ پر ترجیح بنیادوں پر راستہ فراہم کریں۔ کسی بھی اجنبی یا مشکوک شخص کی اطلاع مقامی انتظامیہ اور پولیس کو دیں، غیر ضروری آمد و رفت سے اجتناب کیا جائے۔

اشتہار
Back to top button