
مظفرآباد میں تین شہداء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
بھارتی جارحیت کیخلاف مظفرآباد، پونچھ، نیلم، کوٹلی، بھمبرسمیت متعدد علاقوں میں احتجاجی مظاہرے۔ پاک فوج کے حق میں زبردست نعرہ بازی
بھارت نے پہلگام حملے کی آڑ میں آزادکشمیر اور پاکستان کے 9شہری علاقوں پررمیزائل حملے کر کے 26معصوم شہریوں کو شہید 35سے زائد کوزخمی کردیا ۔حیرت انگیز طور پر تمام حملے مساجد پرکیے گئے ۔شوائی نالہ مظفرآباد میں مسجد سیدنا بلال حبشی ،کوٹلی میں جامع مسجد مرید کے لاہور میں مسجد طیبہ اور بہاولپور میں جامع مسجد سبحان اللہ کوشہید کردیاگیا واقعات کیخلاف مظفرآباد، پونچھ، نیلم، کوٹلی، بھمبرسمیت متعدد علاقوں میں احتجاجی مظاہرے۔پاک فوج کے حق میں زبردست نعرہ بازی۔ بھارت نے پاکستانی معیاری وقت کے مطابق رات 12بجکر 37منٹ پر شوائی نالہ میں شہریوں کے مکانات کو نشانہ بنایا ۔حملے قریبا 25منٹ تک جاری رہے تاہم بڑی تعداد میں شہریوں نے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کیلئے دوسرے مقامات پر منتقل کیا۔
مساجد میں اعلانات کر کے مکمل بلیک آئوٹ کے ساتھ ساتھ شہریوں نے گھروں کے اندر تلاوت اور عبادات کاسلسلہ شروع کردیا۔
پاک فوج اور پاک فضائیہ کے کچھ دیر میں موثر اور بروقت جواب کے ساتھ ہی بھارتی حملہ رات ڈیڑھ بجے کے قریب مکمل طورپر رک گیا تاہم شہریوں نے رات جاگ کر گزاری۔
مظفرآباد میں تین شہداء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ۔پہلی نماز جنازہ جامع مسجد بلال کے امام 70سالہ قاری یعقوب کی وزیراطلاعات پیرمظہر سعید نے جبکہ دیگر دو شہداء محمدحسان اور وقاص نسیم جن کاتعلق راولاکوٹ سے ہے کی نماز جنازہ بینک روڈ پر مولاناقاری عبدالماجد کی امامت میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں وزرائ، چیف جسٹس ہائی کورٹ ، اعلیٰ سول وفوجی حکام ،شہریوں ،علمائے کرام اور مہاجرین وانصار ،طلباء نے شرکت کی۔ جس کے بعد دو شہداء کی میتیں راولاکوٹ روانہ کردی گئیں۔
آزادکشمیر حکومت نے شہداء اور زخمیوں کے اعدادوشمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق 3افراد مظفرآباد شوائی واقعہ میں شہید ہوئے جن میں حسان ،یعقوب اور وقاص نسیم،راولاکوٹ میں دو شہداء محمد اشتیاق اورمقصودولد سخی محمد، کوٹلی میں ماں اور بیٹا ،خاتون کوثر اور اس کا بیٹا، کھوئی رٹہ میں ایک خاتون سدرہ زوجہ قمر،حویلی میں امین بٹ ولد علی جو ،راج محمدولد سائیں جبکہ زخمیوں میں حویلی میں حفیظ بیگم زوجہ امین بٹ،شبنم دختر امین بٹ ،رضیہ بانو زوجہ نذیر ،کرن نذیردختر نذیر بٹ، اقراء امین دختر امین بٹ شامل ہیں، ہجیرہ میں شہزاد قاسم ولد ملک قاسم، ملک مقصود اور عبداللہ ولد آصف زخمیوں میں شامل ہیں۔ جبکہ ان شہریوں کے مکانات اور دکانیں بھی جزوی طور پرتباہ ہوئی ہیں۔مظفرآباد میں ڈپٹی کمشنر کی جاری سے پریس نو ٹ میں بتایا گیا ہے کہ 07 مئی 2025 کی شب رات 1بجے کے قریب ہندوستان کی طرف سے کیے گئے بزدلانہ میزائل حملے اور بعد ازاں LOC پر کی گئی اشتعال انگیز فائرنگ کے نتیجے میں ضلع مظفر آباد میں پا جگراں بلال مسجد پر میزائل حملہ کیا گیا۔ جس کے نتیجے میں 03 معصوم شہری شہید ہو گئے جبکہ مسجد کے ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ اسی وقوعہ میں قریب واقع مکان کو بھی جزوی نقصان ہوا جبکہ ایک بچی بھی اسی مکان میں زخمی ہوئی۔
لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پلہوٹ تحصیل مظفر آباد میں ایک شخص جبکہ میرا کلسی تحصیل پٹہکہ(نصیر آباد) میں ایک خاتون زخمی ہوئیں جنہیں قریبی طبی مراکز میں مرہم پٹی کے بعد CMH مظفر آباد شفٹ کیا گیا۔ نوسیری میں فائرنگ کے نتیجے میں 02 مکانات کو جزوی نقصان ہوا ہے جبکہ 02 گاڑیاں بھی جزوی طور پر متاثر ہوتی ہیں۔
ہڑیالہ میں ایک شخص کا مویشی خانہ تباہ ہوا ہے۔علاوہ ازیں نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ کی کیمپ سائیٹ بمقام نوسیری پر بھی بزدلانہ حملہ کیا گیا۔ جس کے نتیجے میں Intake HPU متاثر ہوا اور ایک گیٹ کو Shutdown کیا گیا۔ پرا جیکٹ کی ایمبولینس کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ضلع مظفر آباد کی انتظامیہ، پولیس اور دیگر تمام ادارے اس مشکل صورتحال میں عوام الناس کے ساتھ کھڑے ہیں جملہ آفیسران فیلڈ میں موجود ہیں اور نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔