
پاکستانی فضائیہ کے حملے میں تباہ ہونے والے بھارتی طیارے کہاں گرے؟
پانچ بھارتی طیاروں میں سے ایک پانپور، دوسرا ، رام بن اور تیسرا بھٹنڈہ میں گرا
پاکستانی فضائیہ کے حملے میں تباہ ہونے والے پانچ بھارتی طیاروں میں سے ایک پانپور، دوسرا ، رام بن اور تیسرا بھٹنڈہ میں تباہ ہوا۔
مقبوضہ کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ میں تباہ ہونے والے بھارتی طیارے کا ملبہ اٹھانے کا کام شروع ہوگیا ہے۔ پلوامہ کے قصبے پام پور میں گرنے والے بھارتی طیارے کے ملبے کو بلڈوزر کی مدد سے منتقل جا رہا ہے۔ پام پور میں مقامی آبادی نے بتایا ہے کہ منگل کی شب ایک طیارہ مقامی سکول کی عمارت پر گر کر تباہ ہوا ہے۔ بی بی سی کے مطابق مقامی افراد کے مطابق انھوں نے جیٹ بمباروں کی زوردار آوازوں کے بیچ ایک بڑے دھماکے کی آوار سنی۔ قصبے کے مختلف حصوں میں گرنے والے ایک جہاز کے ٹکروں کو جمع کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملبے کے معائنے کے لیے انڈین ایئر فورس کی ایک ٹیم بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے تاہم حکام کی جانب سے تاحال تصدیق نہیں کی گئی کہ یہ کون سا طیارہ تھا یا کس ملک کا تھا۔بی بی سی کے نمائندے کا کہنا ہے کہ جس مقام پر طیارہ گرا، اس جگہ کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے اور کسی بھی شخص کو اس مقام تک جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ریاض مسرور کا کہنا ہے کہ علاقے کے لوگوں میں خوف پایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق یہ جگہ پلوامہ کے اس مقام سے تھوڑی ہی دوری پر ہے جہاں پر سنہ 2019 میں ایک خودکش حملے میں 40 سے زیادہ انڈین فورسز اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ جموں کے ضلع رام بن میں بھی منگل کی شب ایک طیارہ تباہ ہوا ہے۔ضلع رام بن کے علاقے پنتھیال کے سرپنچ ظہور احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے گاں میں بدھ کی شب جیٹ طیاروں کی آواز کے ساتھ ہی ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے بعد وہ خود پولیس کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچے۔ نامہ نگار کے مطابق اس کے علاوہ انڈیا کی ریاست پنجاب کے ضلع بھٹنڈہ میں بھی طیارہ گرنے کی اطلاعات ہیں تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ طیارہ اکلیان کلاں نامی گاں کے قریب گر کر تباہ ہوا اور اس واقعے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں۔ان دونوں طیاروں کی تباہی کے بارے میں بھی انڈین فضائیہ نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ادھر ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے مطابق سرینگر ایئرپورٹ کو انڈین فضائیہ نے اپنی تحویل میں لے کر سرینگر آنے اور جانے والی سبھی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔