بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

  بھارت کا پاکستان پر حملہ، 26 افراد شہید اور 46 زخمی، بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے

بھارتی حملے میں 26 افراد شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ پاکستان نے اب تک جوابی کارروائی میں بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد قوم کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی کارروائی میں چھ مقامات پر حملے کئے گئے جن میں 26 افراد شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ  مظفرآباد کے قریب مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، جہاں تین افراد شہید،دو زخمی ہوئے۔ کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیاجہاں ایک بچی اور بچہ زخمی ہوئے، جبکہ سیالکوٹ اور شکر گڑھ میں کوئی جانی مالی نقصان نہیں  ہوا۔انہوں نے بتایا کہ احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا گیا جس میں 13 شہادتیں ہوئیں جن میں تین سال کی دو بچیاں بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ شہدا میں سات خواتین اور چار مرد شامل ہیں جبکہ 9 خواتین سمیت 37 افراد زخمی ہوئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ بھارتی طیاروں کو تب نشانہ بنایا گیا جو وہ حملہ آور ہوئے اور انہوں نے اپنے ویپن فائر کئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔ پاکستان کا کوئی طیارہ بھارتی ایئراسپیس میں نہیں گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن نے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس کے جواب میں پاک فوج نے بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ کردیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنایا، ساتھ ہی نیہلم جہلم پاور پروجیکٹ کو بھی نشانہ بنایا، بھارت پاکستان کے پانی کے ذخائر کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا، بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ کو نقصان پہنچایا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان نے اب تک جوابی کارروائی میں بھارت کے پانچ طیارے، ایک کامپیکٹ ہیرون ڈرون کو مار گرایا ہے۔ گرائے جانے والے طیاروں میں تین رافیل، ایک مگ 21 اور ایک سخوئی شامل ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم پاکستان کی سالمیت اورخودمختاری پرحملے کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان نے صرف اپنا دفاع کیا ہے، بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے، بھارت کو موت کا جتنا ڈر ہے، ہمیں شہادت کی اتنی آرزو ہے۔

اشتہار
Back to top button