بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور روانڈا کا مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق

پاکستان اور روانڈا نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، سفارت کاری اور عوام کے درمیان تبادلے کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ مفاہمت پیر کو اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور روانڈا کے وزیر خارجہ Olivier Jean Patrick Nduhungirehe کے درمیان ملاقات میں ہوئی۔دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے گہرائی میں بات چیت کی۔

بعد ازاں ایک مشترکہ پریس سٹیک آؤٹ سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ان کی بات چیت موجودہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر مرکوز تھی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں فریقین نے سفارتی تربیت کے شعبے میں ایک مفاہمت نامے پر بھی دستخط کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روانڈا کے وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد میں روانڈا کے ہائی کمیشن کا بھی افتتاح کیا جا رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان روانڈا کی مصنوعات کے لیے ایک امید افزا مارکیٹ پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ برآمدات جیسے کہ دواسازی، ٹیکسٹائل، آلات جراحی، ایگری ٹیک اور کھیلوں کے سامان روانڈا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت میں مضبوط صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی، ای گورننس، فن ٹیک اور اختراعی پلیٹ فارم جیسے شعبوں میں شراکت داری کا خواہشمند ہے۔کثیرالجہتی محاذ پر نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا تعاون مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی امیدواری کی باقاعدگی سے حمایت کرتے ہیں۔

روانڈا کے وزیر خارجہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پاکستان اور روانڈا عالمی امن کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اقوام متحدہ کے امن مشن میں سب سے اوپر پانچ دستے دینے والے ممالک میں شامل ہیں۔روانڈا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کے تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں اور وہ مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے کی مشترکہ خواہش رکھتے ہیں۔

اشتہار
Back to top button