
پاکستان اور بیلا روس مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر متفق
پاکستان اور بیلا روس نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔یہ اتفاق رائے وزیراعظم شہبازشریف اور بیلا روس کے صدر الیگزنیڈر لوکا شینکو کے درمیان آج (جمعہ) بیلا روس کے دارالحکومت منسک میں ملاقات کے دوران کیاگیا ۔بعد میں ایک پریس کانفرنس میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو زرعی اورکان کنی کے آلات بنانے میں بیلا روس کی مہارت سے سیکھنے کی ضرورت ہے ۔
شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان میں زرعی آلات کی تیاری کیلئے دونوں ملکوں کی کمپنیوں کے مشترکہ منصوبوں سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا ۔پاکستان میں معدنی ذخائر کا ذکرکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ان کی مالیت اربوں ڈالر ہے انہوں نے اس شعبے کے علاوہ دفاع، ٹیکسٹائل اور پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون پر بھی زوردیا ۔
شہبازشریف نے پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ نوجوان اور انتہائی ہنرمند افرادی قوت بلانے کے بیلا روس کے فیصلے پر اس کا شکریہ اداکیا انہوں نے یقین دلایا کہ یہ انتہائی تربیت یافتہ افرادی قوت حسب ضابطہ تصدیق کے بعد بیلاروس بھیجی جائے گی۔اس سے پہلے دونوں ملکوں نے سمجھوتوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کی دستخط شدہ دستاویزات کا تبادلہ کیا ۔یہ سمجھوتے اور مفاہمت کی یادداشتیں دفاع، ماحول ، تجارت اور معیشت سے متعلق ہیں۔