
پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں بھی شکست، کیویز کا مشن کلین سویپ مکمل
نیوزی لینڈ نے تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو 43 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔ماؤنٹ مونگا نوئی میں کھیلے گئے میچ کو بارش کے باعث 42 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم نے ایک بار پھر جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 264 رنز بنائے۔کپتان مائیکل بریسویل 59 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ اوپنر ریس ماریو 58 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید 4 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست رہے، نسیم شاہ نے دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فہیم اشرف اور سفیان مقیم کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 40 اوورز میں 221 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی اننگز کے آغاز میں ہی اوپنر امام الحق بال لگنے سے انجری کا شکار ہوگئے۔امام الحق کو رننگ کے دوران فیلڈر کی تھرو جبڑے پر لگی، وہ کنکشن ٹیسٹ پاس نہ کر سکے جس کے بعد ان کو میدان سے میڈک کار میں واپس لے جایا گیا۔اس کے بعد عبد اللہ شفیق اور بابر اعظم نے ٹیم کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی، لیکن پھر کوئی بھی بڑی شراکت قائم نہ ہو سکی۔بابر اعظم 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کپتان محمد رضوان نے 37 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عبداللہ شفیق اور طیب طاہر نے 33، 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔
میچ کے آخری لمحات میں اچانک گراؤنڈ کی لائٹس بند ہوگئیں۔ دوسری اننگز کے 39ویں اوور میں اس وقت لائٹس بند ہوگئیں جب جیکب ڈفی، طیب طاہر کو گیند کر رہے تھے۔لائٹس کی بندش سے چند منٹوں کے لیے میچ روک دیا گیا اور اگلی ہی گیند پر طیب طاہر کیچ آؤٹ ہوگئے۔نیوزی لینڈ کے بین سیئرز 5 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ باؤلر رہے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ جیکب ڈفی نے 2، مائیکل بریسویل، محمد عباس اور ڈیرل مچل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز کلین سوئپ بھی کرلی۔