
وزیر اعلیٰ پنجاب کا عید پر زائد کرایہ وصولی پر ٹرانسپورٹرزکیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید پر زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب نے مقررہ کرایوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز زائد کرایوں کی وصولی روکنے کے لیے مانیٹرنگ کریں۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ گھروں کو لوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام بس اڈوں پر کرایے نامے آویزاں کئے جائیں، جو بھی ان احکامات کی خلاف ورزی کرے گا اس کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ٹرانسپورٹرز کو واضح کرتی ہے کہ گھر جانے والے غریب لوگوں کو لوٹنے کا عمل روکا جائے۔