
جیو گروپ کے عملے کا جنگ متاثرین کے احتجاجی کیمپ پر حملہ
جیو اور جنگ گروپ کے عملے نے جنگ متاثرین کے احتجاجی کیمپ پر حملہ کر کے اسے اکھاڑ دیا۔ احتجاجی کیمپ گزشتہ آٹھ دنوں سے یونین آف پنجابی جرنلسٹس (یو پی جے) اور پروفیشنل جرنلسٹس گروپ کے زیر اہتمام جاری تھا۔عینی شاہدین کے مطابق، آج شام تقریباً 6 بج کر 15 منٹ پر جیو گروپ کے اسسٹنٹ منیجر اور ایڈمن منیجر کی سربراہی میں 8 سے 10 افراد کی ایک ٹیم نے احتجاجی کیمپ کو زبردستی ختم کیا، پوسٹرز اور بینرز پھاڑ دیے اور انہیں جیو بلڈنگ منتقل کرنے کی کوشش کی۔یو پی جے کے چیئرمین نے اس کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ”ہم میر شکیل کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ آزادی صحافت کے نعرے لگانے والوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ چکا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے خلاف متعلقہ پولیس اسٹیشن میں تحریری درخواست جمع کروا دی گئی ہے اور قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
یو پی جے کے چیئرمین اور دیگر صحافتی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جیو اور جنگ گروپ ورکرز کی تنخواہیں دینے کے بجائے انہیں دبانے اور دھمکانے میں مصروف ہے۔ملک عبدالجبار، چیئرمین یو پی جے نے کہا کہ”میر شکیل کروڑوں روپے کے اشتہارات ڈمی اخبارات پر لے رہا ہے مگر محنت کشوں کو تنخواہیں ادا نہیں کر رہا۔ اپنے کرتوتوں پر شرمسار ہونے کی بجائے وہ غنڈہ گردی پر اتر آیا ہے۔”احتجاجی مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صحافیوں کو ان کے جائز حقوق دلانے میں کردار ادا کرے اور میڈیا ورکرز کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لے۔