بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

خطے میں دیرپا امن کیلئے مسئلہ کشمیرکاحل ضروری ہے،دفترخارجہ

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے دہشتگردی کاشکار ہونے کے من گھڑت بیانیے سے پاکستان کی سرزمین پر دہشتگردی کو ہوا دینے میں اس کے ملوث ہونے اور بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں ریاستی سرپرستی میں اس کے مظالم کو چھپایا نہیں جاسکتا۔دفترخارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے آج(جمعرات) اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان کو بھارتی قیادت کی جانب سے جموں و کشمیر کے بارے میں بڑھتے ہوئے غیرضروری دعوؤں پر شدید حیرانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ہی وہ ملک تھا جو 1948 میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے گیا تھا اس لئے اسے ا قوام متحدہ اور اس کے سابق ارکان پر اس حوالے سے منظور کردہ قراردادوں پر الزام لگانے کا کوئی حق نہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کے حل کیلئے ہمیشہ تعمیری روابط اور بامقصد مذاکرات کی حمایت کی ہے۔تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی سوچ اور اپنی اجارہ داری قائم کرنے کے اس کے عزائم کے باعث جنوبی ایشیاء میں امن واستحکام کا خواب اب تک پورا نہیں ہوسکا۔

اشتہار
Back to top button