
تحصیل بار ایسوسی ایشن نورپورتھل کی جانب سے سینیئر قانون دان راجہ محمد اشرف حیات کے اعزاز میں پروقار تقریب
تحصیل بار ایسوسی ایشن نورپورتھل کی طرف سے ہردلعزیز سینیئر قانون دان راجہ محمد اشرف حیات کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایڈیشنل سیشن جج جناب خان خالد اقبال خان اور سول جج جناب فیاض احمد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب کی صدارت صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن نورپور تھل ایڈووکیٹ آغا حسین خان نے کی جبکہ نقابت کے فرائض سیکرٹری بار ایڈووکیٹ ملک امان اللہ مہار نے بطریق احسن سر انجام دیے۔
اس شاندار تقریب میں وکلاء برادری نے بھرپور شرکت کی۔ اس تحسینی تقریب کے انعقاد کا مقصد ایکس پریذیڈنٹ تحصیل بار ایسوسی ایشن نورپورتھل راجہ محمد اشرف حیات کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا تھا کیونکہ آئندہ چند روز بعد ایڈووکیٹ راجہ محمد اشرف حیات اپنی فیملی کے ہمراہ مستقل طور پر امریکہ شفٹ ہو جائیں گے۔
اس موقع پر سابق صدور بار ملک مشتاق حسین بوڑانہ ، ملک محمد اکرم جسرا، ملک حاجی محمد زمان کہاوڑ، ملک محمد وارث جسرا اور ملک محمددین دھپڑا نے سینیئر ایڈووکیٹ راجہ محمد اشرف حیات کی عظیم المرتبت شخصیت کے اوصاف حمیدہ پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی شاندار پیشہ ورانہ خدمات کو خوبصورت سراہا۔
صدر تحصیل بار آغا حسین خان نے بھی سیئنیر ایڈووکیٹ راجہ محمد اشرف حیات کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ مقررین نے راجہ محمد اشرف حیات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دائمی صحت اور خوشی کے لیے دعا کی۔
سینیئر قانون دان راجہ محمد اشرف حیات نے اپنے اعزاز میں منعقدہ پروقار تقریب میں ججز صاحبان کی خصوصی تشریف آوری کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے وکلاء بھائیوں نے میرے اعزاز میں یہ پروقار تقریب منعقد کر کے جس بے پایاں محبت کا ثبوت دیا ہے، انشاءاللہ میں دیار غیر میں بھی کبھی آپ کو فراموش نہیں کر سکوں گا اور ہمیشہ آپ کے دکھ سکھ میں برابر کا شریک رہوں گا ۔ قبل ازیں باروم میں آمد پر ایڈووکیٹ راجہ محمد اشرف حیات پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا پرتپاک استقبال بھی کیا گیا ۔