
جرمنی میں مقیم شاعرہ، ادیبہ اور تحقیقی ماہرہ صائمہ کنول، شریف اکیڈمی جرمنی کی ویمن ونگ کی صدر نامزد
جرمنی میں مقیم اردو زبان و ادب کی خدمت میں پیش پیش شاعرہ، ادیبہ اور تحقیقی ماہرہ صائمہ کنول کو شریف اکیڈمی جرمنی کی ویمن ونگ کا صدر نامزد کردیا گیا۔
آپ عرصہ 25 سال سے مختلف ادبی تنظیموں سے وابستہ رہ کر فروغ اردو ادب کے لیے اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔آپ کا تعلق لاہور سے ہے اوائل عمری میں اپنے والدین کے ہمراہ جرمنی تشریف لائیں ۔اردو زبان اپنے والدین سے سیکھی 2004ء میں شاعری کی ابتداء ہوئی۔ تحقیق کا شوق آپ کی پہلی کتاب آبگینے کی صورت میں منظر عام پر آیا۔ جو مختلف ادوار اور علاقوں میں عورت کی تاریخ اور اس کی حیثیت پر ایک تحقیقی کتاب ہے 2020ء میں پہلا شعری مجموعہ۔ نئی منزل بلاتی ہے ۔اور 2024 میں دوسرا شعری مجموعہ ۔حسن خامشی۔ گلستانِ ادب کی زینت بنا۔
اردو شاعری اور نثرمیں طبع آزمائی کرنے والوں کی رہنمائی کی غرض سے سخن طراز کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ۔آپ کو متعدد ایوارڈ اور اسناد سے نوازا جا چکا ہے ۔صائمہ کنول خوبصورت اور پختہ لب و لہجے کی شاعرہ ہونے کے ساتھ ساتھ ادب کی خدمت کا بے پناہ جذبہ رکھتی ہیں آپ سنجیدہ اور مدبر خاتون ہیں ان کی خواہش ہے کہ اردو زبان و ادب کی ترقی اور ترویج ہو ۔ان کے جذبوں کا اعتراف کرتے ہوئے شریف اکیڈمی جرمنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے متفقہ فیصلے کے مطابق انہیں شریف اکیڈمی جرمنی کی ویمن ونگ کا صدر نامزد کیا گیا ۔اس موقع پر شفیق مراد چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ صائمہ کنول اپنے مقاصد میں سنجیدہ اور مدبر خاتون ہیں ۔اردو زبان و ادب کی بے لوث خدمت کرنے والی شخصیت ہیں وہ عالم با عمل ہیں انہوں نے صائمہ کنول کو اکیڈمی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہارکیا کہ وہ اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے فرائض منصبی بخوبی سر انجام دیں گی۔