بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے عالمی ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان گرفتار
ائرپورٹ پر بیگ ٹیگ تبدیل کرکے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے بین الاقوامی ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر اے این ایف ٹیم کی کاوشوں سے خاندان کے 5 افراد رہا ہوگئے۔
وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی منشیات کیس سے رہائی پانے والے بے گناہ خاندان کی رہائش گاہ گئے اور اُن سے ملاقات کی،ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیرداخلہ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے این ایف نے دن رات محنت کر کے بین الاقوامی گینگ کا سراغ لگایا اور اصل ملزمان کو گرفتار کیا۔
انہوں نے بے گناہ خاندان کی رہائی کے لیے فوری اقدامات پر ڈی جی اے این ایف اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا جبکہ اس معاملے میں بھرپور تعاون پر سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔متاثرہ خاندان کے افراد نے رہائی دلوانے پر وفاقی حکومت اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔