
کار پر فائرنگ سے لیوز اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید
ڈیرہ اسمٰعیل خان کے قریب گھات لگائے ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں4 لیویز اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے، فائرنگ کے بعدگاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب کوئٹہ روڈ پر درابن گرڈ اسٹیشن کے سامنے این 50 پر نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکاروں سمیت 5 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔
لیویز فورس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچوں افراد کوڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں نشانہ بنایاگیا، اہلکار ٹرک کی چوری کے کیس کے سلسلےمیں ڈیرہ اسمٰعیل خان جا رہے تھے۔لیویز فورس کے ذرائع نے مزید بتایا کہ چند روز قبل ضلع پشین کے علاقے خانوزئی سے چوری کیا گیا ٹرک ڈیرہ اسماعیل خان سے برآمد ہوا تھا، لیویز فورس کے اہلکار ٹرک لانے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈیرہ اسمٰعیل جارہے تھے، جاں بحق پانچواں شخص چوری ہونے والے ٹرک کا مالک تھا۔
جاں بحق اہلکاروں کی شناخت نور احمد، رشید زمان، داؤد خان اور بلال خان کے نام سے ہوئی، پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کوگھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔