49ویں قومی سنوکر چیمپئن شپ 2025: شاہد آفتاب نے ٹائٹل جیت لیا
پنجاب کے شاہد آفتاب نے این بی پی 49ویں نیشنل اسنوکر چمپئن شپ جیت لی، فائنل میں نیشنل بینک کے محمد سجاد کو دل چسپ مقابلے کے بعد7-5سے شکست ہو گئی۔نیشنل بینک کے سینئر وائس پریذیڈنٹ مدثرانعام اللہ مہمان خصوصی تھے جنہوں نے پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے چیئر مین عالم گیر شیخ کے ساتھ فاتح اور رنر اپ کیوسٹ اور دیگر کھلاڑیوں میں ٹرافیز اور انعامات تقسیم کئے۔ ٹورنامنٹ ڈائرکٹر نوید کپاڈیا کے مطابق نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس کے اسنوکر ایرینا میں منعقدہ 49ویں این بی پی نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ میں ہفتہ کو کھیلے گئے فائنل میں نیشنل بینک محمد سجاد اور پنجاب کے شاہد آفتاب کے درمیان دل چسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا،ایک مرحلے پر محمد سجاد5-2سے خسارے میں تھے تاہم انہوں نے مسلسل دو فریمز جیت کر مقابلہ5-5سے برابر کیا لیکن اس کے بعد اگلے دونوں فریمز شاہدآفتاب نے جیت کر فائنل اور ٹائٹل جیت لیا۔فائنل کا فریم اسکور شاہد آفتاب کے حق میں 69-9،92-28،48-70،73-19،49-70،74-38،79-24،62-66،22-63،25-69،81-36اور71-61رہا۔شاہد آفتاب نے دوسرے فریم میں 82،چھٹے فریم میں 52،ساتویں فریم میں 79اور گیارھویں فریم میں 81کے بریک بھی کھیلے جبکہ محمد سجاد نے تیسرے فریم میں اور نویں فریم میں 52کا بریک کھیلا۔فاتح کیوسٹ شاہد آفتاب کو دو لاکھ روپے جبکہ رنر اپ محمد سجاد کو ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی،محمد آصف کو چیمپئن شپ میں 147کا بریک کھیلنے پر 50ہزار روپے کا خصوصی انعام دیا گیا۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی نیشنل بینک کے سینئر وائس پریذیڈنٹ مدثر انعام اللہ تھے جبکہ پی بی ایس اے کے چیئر مین عالم گیر شیخ،پی بی ایس اے کے صدر جاوید کریم،سیکریٹری جنرل ذوالفقار اے رمزی، نیشنل بینک شعبہ اسپورٹس کے سربراہ شیر محمد،ٹورنامنٹ ڈائرکٹر نوید کپاڈیا،عادل مرتضیٰ فرحان رفیق اور دیگر بھی موجود تھے۔