ڈی پی آئی کالجز پنجاب سید انصر اظہر نے نورپورتھل کا خصوصی دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فاربوائز نورپور تھل میں منعقدہ سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ ڈائریکٹرسپورٹس پنجاب محمد وقاص، ڈائریکٹر کالجز سرگودھا ڈویژن میڈم ناہید ناز ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سرگودھا ابو الحسن نقوی اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز خوشاب امتیاز احمد سوبھی بھی زینت محفل تھے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی آئی کالجز پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری تعلیمی اداروں میں نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ ان اداروں میں نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام مطلوبہ وسائل کی فراہمی کو بتدریج یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ تعلیمی ادارے بچوں کی ہمہ جہتی تعلیم و تربیت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں ۔ ڈی پی آئی پنجاب نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ ان کی صحیح خطوط پر تعلیم و تربیت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی ا پنجاب محترمہ مریم نواز شریف بذات خود اس حوالے سے منعقدہ تقریبات میں شرکت کر رہی ہیں۔
ڈی پی آئی کالجز پنجاب نے کہا کہ سرکاری کالجوں میں سی ٹی آئی کی بھرتی یقینی بنانے کے لیے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جاتے ہیں تاکہ بچوں کی تعلیم میں کسی قسم کا حرج نہ ہو۔ انہوں نے سی ٹی آئیز پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کی خوش اسلوبی سے انجام دہی کے لیے ہرگز کوئی کسر اٹھا نہ رکھا کریں اس سلسلے میں ہمیں جہاں کہیں کوئی شکایات موصول ہو رہی ہیں ان کا فوری طور پر ازالہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سی ٹی آئی کی بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ہمیشہ موثر اقدامات کیے ہیں اب ان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ذمہ عائد ذمہ داریوں کی انجام دہی میں ہرگز کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہ کیا کریں ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب کی خدمات کو بھی خوب پذیرائ کی۔ سید انصر اظہر نے پرنسپل ادارہ ہذا پروفیسر عبدالغفور ملک اور ان کی پوری ٹیم کی حسن کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نورپور تھل جیسے پسماندہ علاقے میں فروغ علم کے لیے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار بوائز نورپور تھل کا کردار مثالی ہے۔ جس کا کریڈٹ ادارہ ہذا کے پرنسپل پروفیسر عبدالغفور ملک اور ان کی پوری مخلص اور فرض شناس ٹیم کو جاتا ہے ۔ انہوں نے ہردلعزیز پرنسپل پروفیسر عبدالغفور ملک کو مخاطب ہوتے ہوئے سرائیکی زبان کے چند اشعار بھی پڑھے جس پر شرکائے محفل کی طرف سے انہیں خوب داد و تحسین پیش کی گئ۔ انہوں نے کالج میں ملٹی پرپز ہال کی تعمیر اور بی ایس سپورٹس پروگرام شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب محمد وقاص نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کا فروغ اشد ضروری ہے اور حکومت پنجاب کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا جاتا ہے وہاں کے ہسپتال ہمیشہ ویران رہتے ہیں ۔ محمد وقاص نے کہا کہ اللہ تعالی ا کے فضل و کرم سے تھل کی یوتھ اعلی ا صلاحیتوں کی حامل ہے ۔ انشاءاللہ ہم یہاں کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہرگز کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار بوائز نور پور تھل میں سپورٹس کے فروغ کے لیے ہمارا تعاون ہر طرح سے جاری و ساری رہے گا ۔ ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب نے رسہ کشی، نیزہ پھینکنا اور دیگر سپورٹس مقابلوں میں حصہ لینے والے ادارہذا کے طلباء کی شاندار کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہا۔
قبل ازیں پرنسپل ادارہ پروفیسر عبدالغفور ملک نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور ڈی پی آئی کالجز کی خصوصی آمد پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اس بات پر بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ڈائریکٹر کالجز پنجاب عزت مآب فیض انتساب، جناب سید انصر اظہر نے ہمارے ادارے کا خصوصی وزٹ کیا ہے ان پر مسرت لمحات میں ہمارے پاس ان کی شکریہ کے لیے الفاظ نہیں کیونکہ اللہ تعالی نے یہ ہمارے ادارے کو اعزاز بخشا ہے کہ پنجاب بھر کے کالجز کے سینیئر ترین آفیسراس وقت ہمارے درمیان جلوہ افروز ہیں درحقیقت ان کی یہ ہمارے ساتھ لازوال محبت کا عملی ثبوت ہے ۔ پرنسپل نے کہا کہ اللہ تعالی ا کے فضل و کرم سے ہم دستیاب وسائل کو بروءے کار لاتے ہوئے انہوں نے نونہالان وطن کی ہمہ جہتی تعلیم و تربیت کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہمارے ادارے کے محنتی اور فرض شناس سٹاف کی وجہ سے ہمارے طلباء نے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں ہمیشہ مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جو کہ ہمارے علاقے کے والدین اور طلباء کے لیے باعث صد افتخار ہے۔ انہوں نے ڈی پی آئی پنجاب کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ہم نے سابق ممبر قومی اسمبلی ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ سے استدعا کرکے کالج میں اضافی بلاک کی تعمیر کرائی، اسی طرح سے ادارہ کے دیگر مسائل کے حل کے لیے مخیر حضرات کے تعاون سے طلباء کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اب یہ ادارہ تیزی سے تعلیمی میدان میں ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور اس حوالے سے میرے سٹاف کا تعاون لائق صدتحسین و آفرین ہے۔ پرنسپل نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ادارے میں ملٹی پرپز ہال کی تعمیر یقینی بنائی جائے تاکہ یہ ہمارا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔
پروفیسر عبدالغفور ملک نے کہا کہ ہم جناب سید انصر اظہر کے تہ دل سے مشکور و ممنون ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ ہمارے ادارے کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج یہ ادارہ تیزی سے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں کامیابی کی منازل طے کر رہا ہے۔
دوران تقریب ادارے کی طرف سے چیف گیسٹ جناب سید انصر اظہر اور دیگر مہمانان گرامی کو علاقائی روایت کے مطابق پگڑی بندھوائی گئی اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اور مہمانان گرامی نے طلباء کے درمیان رسہ کشی اور نیزہ پھینکنا کے شاندار مقابلے بھی دیکھے اور خوب محظوظ ہوئے ۔ مہمان خصوصی نے کالج کے احاطہ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کابھی افتتاح کیا۔ ڈی پی آئی کالجز پنجاب سید انصر اظہر ،ڈائریکٹر سرگودھا ناہیدناز، ڈپٹی ڈائریکٹر سرگودھا ابو الحسن نقوی، ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب محمد وقاص اور ڈپٹی ڈائریکٹر خوشاب امتیاز احمد سوبھی نے پوزیشن ہولڈر طلباء میں انعامات جبکہ ادارہ کے ٹیچنگ سٹاف اور نان ٹیچنگ سٹاف میں حسن کارکردگی سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیے۔
اس شاندار تقریب کی نقابت کے فرائض پروفیسر مہرینہ مریم، پروفیسر عروبہ سلطان ٹوانہ اور پروفیسر تنویر عباس نے بطریق احسن سر انجام دیے ۔ قبل ازیں کالج میں آمد پر مہمان خصوصی ڈی پی آئی کالجز پنجاب سید انصر اظہر کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے گئے ۔