بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور اٹلی کا دفاعی، سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کا عزم

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے دورہ اٹلی میں اطالوی وزیر دفاع اور عسکری قیادت سے ملاقات کی، جس میں جیو اسٹریٹجک صورتحال، دفاع اور سیکیورٹی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اٹلی جنرل ساحر شمشاد کے سرکاری دورے پر ہیں، جنہوں نے اطالوی وزیر دفاع گیڈو کروسیٹو، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل لوسیانو پورٹولانو، اطالوی فوج کے چیف آف اسٹاف جنیل کارمین اور لیونارڈو کے چیف ایگزیکٹو افسر کارلو گوالڈارونی سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران جیو اسٹریٹجک صورتحال پر تبادلہ خیال اور دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر بھی غور ہوا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ اٹلی کی سول اور عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

قبل ازیں اطالوی مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر چاق و چوبند فوجی دستے نے جنرل ساحر شمشاد کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اشتہار
Back to top button