بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

آزادکشمیر میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنا خوشی کا باعث ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بھی دانش سکولوں کا جال بچھا دیں گے۔آزاد کشمیر میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنا خوشی کا باعث ہے، دور دراز کے علاقوں کے بچوں کیلئے دانش سکول بنائےہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں دانش سکول نہ ہوتے تو بہت سے لائق بچے اور بچیاں تعلیم سے محروم رہ جاتے ، دانش سکول ہزاروں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں، پنجاب کے دانش سکولوں کے بیشتر بچے اے گریڈ لاتے ہیں، یہاں پڑھنے والے بچے ملک کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی قیادت میں دانش سکول کا آغاز کیا تھا،دانش سکول دانش اور علم کا گہوارہ ہے، یہاں کے بچوں کے 100فیصد اخراجات وفاقی حکومت اٹھائے گی،آزاد کشمیر میں بھی دانش سکولوں کا جال بچھا دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی وادی شہیدوں کے لہو سے سرخ ہو چکی ہے جبکہ وہاں کے عوام آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، بھارتی فوج کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے مسئلہ کشمیر یو این کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

انہوں نے  کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی اس حوالے سے کمٹمنٹ ہے، اس کی کوئی مثال نہیں ہے، ان کی کشمیر کاز سے وابستگی غیرمتزلزل ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک کے ریویو میں شرح سود مزید کم ہونے کی توقع ہے، معاشی چیلنجز کم ہو رہے ہیں، معیشت میں بہتری آرہی ہے، ایکسپورٹس اور ترسیلات زر میں اضافہ اور قرضہ کم ہو رہا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بھمبر آزاد کشمیر کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر بھی ان کے ہمراہ تھے، دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بھمبر آزاد کشمیر میں دانش سکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سسٹم کا سنگ بنیاد رکھا، دانش سکول سسٹم کے بچے اور بچیوں کے علیحدہ علیحدہ کیمپس ہوں گے۔

اشتہار
Back to top button