آئی سی سی ویمنز انڈر19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : انگلینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
پاکستانی بولرز کے چیلنج پر قابو پاتے ہوئے انگلینڈ انڈر 19 نے پاکستان انڈر 19 کو آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
یہ دونوں ٹیموں کا اس ٹورنامنٹ میں دوسرا میچ تھا۔ اس سے قبل انگلینڈ کا آئرلینڈ کے خلاف میچ بارش کی وجہ سے نامکمل رہا تھا جبکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان میچ میں ایک گیند بھی نہیں کرائی جاسکی تھی۔دونوں میچوں میں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔
پیر کے روز انگلینڈ انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پاکستان انڈر 19 کو پہلے بیٹنگ دی جو 18.5 اوورز میں 66 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی اننگز میں وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں ۔ کپتان کومل خان 12 فاطمہ خان 6 راویل فرحان صفر عریشہ انصاری 4 اور ماہم انیس صفر پر آؤٹ ہوئیں تو مجموعی اسکور 5 وکٹوں پر صرف 35 رنز تھا جن میں سے تین کو فاسٹ بولر امرتھا سورن کمار نے آؤٹ کیا تھا۔
زوفشاں ایاز 2 چوکوں کی مدد سے 15 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔
امرتھا سورن کمار نے 17 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
فاسٹ بولر اولیویا برنسڈن لیگ اسپنر ایو اونیل اور سلو لیفٹ آرم بولر کولمین نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
وکٹ کیپر کیٹی جونز نے ایک کیچ اور تین اسٹمپڈ کیے۔
انگلینڈ نے مطلوبہ اسکور 9.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تاہم پاکستان ٹیم نے اسے آسانی سے ہدف تک پہنچنے نہیں دیا اور 33 رنز پر اس کی 4 وکٹیں حاصل کرڈالی تھیں۔
وکٹ کیپر بیٹر کیٹی جونز20 اور کپتان ایبی گیل نارگروو 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
ماہ نور زیب نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاطمہ خان اور قرۃ العین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان انڈر19 ٹیم گروپ بی میں اپنا تیسرا اور آخری میچ بدھ کے روز آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔