جوڈیشل کمیشن کا اجلاس، اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹ کیلئے ایڈیشنل ججز کے ناموں پر اتفاق
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے سیشن جج اعظم خان اور سابق صدر اسلام آباد ہائیکورٹ راجا انعام امین منہاس جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے محمد آصف ریکی، نجم الدین مینگل، محمد ایوب کے ناموں پر اتفاق کیا گیا۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اسلام آباد اور بلوچستان ہائی کورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی پر غور کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی نامزدگی کے لیے 4 میں سے دو ناموں پر اتفاق کرلیا گیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ جن ناموں پر اتفاق کیا گیا ہے ان میں سیشن جج اعظم خان اور سابق صدر اسلام آباد ہائی کورٹ راجا انعام امین منہاس شامل ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں 4 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے 20 نام زیر غور ہیں۔دوسرے اجلاس میں بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی پر غور کیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے محمد آصف ریکی، نجم الدین مینگل، محمد ایوب کے ناموں پر اتفاق کیا گیا۔بلوچستان ہائی کورٹ میں 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے 11 ناموں پر غور کیا گیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس کا باقاعدہ اعلامیہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔