قومی
وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز نے 14 دسمبر 2024ء سے اب تک 22 خوارج ہلاک کئے
سیکورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں 14 دسمبر 2024 سے مختلف آپریشنز میں اب تک 22 خوارج کو ہلاک اور 18 خوارج کو زخمی کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کے متعدد واقعات رونما ہوئے جن میں کئی اموات ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گھنائونی کارروائیوں کے جواب میں سیکیورٹی فورسز علاقے میں خوارج کے خلاف وسیع انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کررہی ہیں، 14 دسمبر 2024 سے جاری مختلف آپریشنز میں فورسز نے 22 خوارج کو ہلاک اور 18 کو زخمی کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن کی بحالی اور خوارج کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔