پیل چوک تا اچھالی 60 کلومیٹر کارپٹ روڈ کے تعمیراتی منصوبے کا افتتاح
ایم این اے حلقہ این اے 87 ملک شاکر بشیر اعوان نے پیل چوک تا اچھالی 60 کلومیٹر کارپٹ روڈ کے تعمیراتی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے پر تخمینہ لاگت تین ارب نو کروڑ روپے ہے۔ پیل چوک پہنچنے پر حلقے کی عوام نے ممبر قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر شاندار استقبال کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی گرانٹ سے شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپٹ روڈ کی تعمیر سے سفر آسان ہوگا، وقت کی بچت ہوگی اور وادیء سون سکیسر کی سیاحت کو فروغ ملے گا۔
ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ قائد پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے پورے پاکستان میں موٹروے کا جال بچھایا اور وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے قلیل مدت میں پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا کر ملکی معیشت کو استحکام دیا۔
تقریب میں سابق ایم پی اے ملک جاوید اقبال اعوان، سینیٹر ڈاکٹرغوث محمد خان نیازی، استحکام پارٹی کے ضلعی صدر ملک امیر حیدر سنگھا اعوان، ملک محمد خالد اعوان اور ملک محمد اشرف اعوان سمیت دیگر مقررین نے مسلم لیگ ن کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
بعد ازاں ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان، سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی اور سابق ایم پی اے ملک جاوید اقبال اعوان نے فیتہ کاٹ کر منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔