اڑان پاکستان کے تحت قومی ترقی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں،وزیر منصوبہ بندی

منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اڑان پاکستان کے نئے اقدام کے تحت قومی ترقی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔انہوں نےپیر کے روز کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت نئے اقدام کے تحت ملک کی ترقی کیلئے ملکر کام کرے گی۔احسن اقبال نے کہاکہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل حل کرے گی۔

اس سے قبل منصوبہ بندی کے وزیر نے ایک اجلاس میں سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا۔اجلاس میں سندھ کے منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر ناصر شاہ، پی اینڈ ڈی سندھ کے چیئرمین نجم احمد شاہ اور دیگر سیکرٹریز نے شرکت کی ۔

اجلاس میں متاثرین سیلاب کیلئے سندھ کے پیپلزہائوسنگ پراجیکٹ پر پیشرفت اور چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی گئی۔احسن اقبال نے کہاکہ اڑان پاکستان ماضی کی غلطیوں کو فراموش کرنے اور مستقبل میں آگے بڑھنے کی منصوبہ بندی پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات کے ذریعے ترقی کو ہمارا مقصد بنانا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر صوبے کو عوامل پر کام کرنے کیلئے برآمدی ترقیاتی بورڈ تشکیل دینا چاہیے جس سے برآمد کے معیار اور عمومی مجموعی انتظامی امور میں بہتری آئے گی۔

احسن اقبال نے کہاکہ ہمیں بڑے پیمانے پر ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور دونوں حکومتوں کو بجلی چوری اور اسکے ضیاع کی روک تھام یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں بعض اہم منصوبوں پر غور کیا گیا جو پانی کی قلت کے مسئلے کے خاتمے کیلئے آبی انتظام کیلئے ناگزیر ہیں۔منصوبہ بندی کے وزیر نے کراچی کیلئے ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی حکمت عملیوں کے کردار پر بھی زور دیا جو پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں بارآور ثابت ہوںگی۔

Exit mobile version