عورت فاؤنڈیشن اور اوٹئیم کے اشتراک سے غیر رسمی کوڑا کرکٹ منیجمنٹ پر ورکشاپ کا انعقاد
خصوصی رپورٹ
مقامی ہوٹل میں عورت فاؤنڈیشن نے اوٹیئم کے ساتھ شراکت سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ جس کا مقصد کمیونٹی سطح کی تنظیموں، میڈیا کے نمائندوں، اور غیر رسمی شعبے میں کام کرنے والی خواتین کو ٹھوس فضلہ مینجمنٹ کے بارے میں آگاہی دینا تھا۔ اس ورکشاپ میں ماحولیاتی مسائل اور خواتین کے حقوق پر کام کرنے والے سرکاری نمائندوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی شعبے سے ماحولیاتی ماہرین نے بھی شرکت کی۔ ورکشاپ میں شرکت کرنے والوں میں رکن پنجاب اسمبلی رخسانہ کوثر اور ممتاز رئیس شامل تھیں۔
ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ محمد الیاس، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے ڈاکٹر افضل، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی سے محمد اعجاز، پنجاب یونیورسٹی کے جینڈر ڈیپارٹمنٹ سے رابعہ حیدر، پنجاب کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن سے مس مدیحہ ایڈووکیٹ اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ مس سمیرہ ہاشمی، ریذیڈنٹ ڈائریکٹر عورت فاؤنڈیشن نے پلاسٹک فضلہ مینجمنٹ میں صنفی نقطہ نظر کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار طریقوں کے ذریعے معاشی خود مختاری حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
اوٹیئم کے نمائندے، ارشد رفیق نے ورکشاپ کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا "ہمارا مقصد خواتین کو جدید آمدنی بڑھانے کے طریقوں سے لیس کرکے ان کی معاشی خود مختاری کو فروغ دینا ہے اور ان کے قانونی حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ ہم ماحولیاتی تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور دریاؤں اور سمندروں سے جمع شدہ پلاسٹک فضلہ کو صاف کرنا چاہتے ہیں۔”
ورکشاپ میں پلاسٹک فضلے کی خودکار علیحدگی اور ری سائیکلنگ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ شرکاء جن میں پلاسٹک فضلہ جمع کرنے والی خواتین شامل تھیں، کو پلاسٹک ایپ استعمال کرنے کی تربیت دی گئی، جو ان کی آمدنی میں اضافے کے لیے ایک اہم ٹول ہے۔ اس سیشن کے دوران پلاسٹک ایپ کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے کی خواہش مند خواتین کی رجسٹریشن بھی کی گئی۔
مس نبیلہ شاہین نے پلاسٹک ایپ کے فوائد کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایپ خواتین کو مارکیٹ کے مقابلے میں زیادہ آمدنی فراہم کرتی ہے۔ مزید یہ کہ اس ایپ کے ذریعے خواتین کو اپنے پلاسٹک فضلے کو فروخت کرنے کے لیے مارکیٹ جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اوٹیئم کی گاڑیاں ان کے گھروں یا متعین مقامات سے فضلہ اکٹھا کریں گی۔ یہ ایونٹ خواتین کی معاشی خود مختاری کو فروغ دینے اور جدید حل اور اشتراکات کے ذریعے ماحولیاتی پائیداری کو آگے بڑھانے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔