میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا
پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن نے میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔تقریب میں وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال’ چین کے سفیرJIANG ZAIDONG اور پاکستان و چین کی دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہC-5 منصوبہ پاکستان اور چین کی دوستی کا واضح ثبوت ہے جس سے پاکستانی عوام کے لئے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہونگے اور قومی گرڈ کو سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ پاکستان کو ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت بننے کیلئے کوشش کرنی چاہئے۔C-5 منصوبہ ملک میں جوہری توانائی پلانٹ کا سب سے بڑا اورجدید منصوبہ ہوگا جس سے قومی گرڈ میں مزید 1200میگاواٹ شفاف اور سستی بجلی کا اضافہ ہوگا جس سے جوہری توانائی 4760میگاواٹ ہوجائے گی اور سماجی و اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔