سال2024،آرمی چیف کی قیادت میں پاک فوج کی بے مثال خدمات
پاک فوج نے سال2024 میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر(نشانِ امتیازملٹری) کی زیر قیادت پاکستان کے لئے بے مثال خدمات سرانجام دیں۔ریاست پاکستان کی واضح پالیسی کی بدولت خوارج اوردہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔مجموعی طور پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف59,775 مختلف نوعیت کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے،جن میں 925دہشتگردوں بشمول خوارج کو جہنم واصل کیاگیا جبکہ سینکڑوں گرفتار کئے گئے۔
افواج پاکستان،انٹیلی جنس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشتگردی کے اس ناسور سے نمٹنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر169سے زائد آپریشنز کئے جا رہے ہیں۔رواں سال ان آپریشنز کے دوران 73انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔جہنم واصل ہونے والے دہشتگردوں میں فدا الرحمن عرف لعل ، ژوب ڈویژن ، علی رحمان عرف طحہ سواتی اور ابو یحییٰ بھی شامل ہیں۔
ریاستی اداروں کی بہترین حکمت عملی کے باعث14 مطلوب دہشتگردوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قومی دھارے میں شامل کیا۔سکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کے باعث 2خودکش بمباروں کو گرفتار کر کے ملک کو بڑی تباہی سے بچایا گیا۔آرمی چیف کا دہشت گردوں، خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف واضح اور مضبوط مؤقف ہے۔
انہوں نے پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایک پاکستانی کی جان اور حفاظت ہمارے لئے افغانستان سے زیادہ اہم ہے۔اس سال ایک بین الاقوامی جریدے نے بھی آرمی چیف کو دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف مضبوط آواز بننے پر خراج تحسین پیش کیا۔
واضح ریاستی پالیسی کے پیش نظر رواں سال سمگلنگ ، بجلی چوری، بھتہ خوری، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔آرمی چیف کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت رواں سال پاکستان نے اہم سنگ میل عبورکئے۔ اہم ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔غزہ،لبنان اورکشمیر کے مظلوم عوام کے لئے پاکستان اقوام عالم میں ایک مؤثر آواز بن کر ابھرا۔
سال 2024 میں سفارتی سطح پر بھی اہم کامیابی حاصل ہوئی اور پاکستان نے ایس سی او کانفرنس کی میزبانی کی۔کئی اہم ممالک کے سربراہان نے بھی پاکستان کا دورہ کیا اور متعدد معاہدوں پر دستخط کئے۔معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ایس آئی ایف سی نے رواں سال اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ایس آئی ایف سی کی معاونت سے متعدد بین الاقوامی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات مستحکم ہوئے۔ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ترسیلات زر میں اضافہ، مہنگائی میں کمی اور سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند سطح پر پہنچی۔
پالیسی ریٹ میں واضح کمی اورڈیفالٹ کا راگ الاپنے والوں کے بیانیہ کی واضح نفی ہوئی۔خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور اہم ممالک کیساتھ تجارت بڑھانے کیلئے این ایل سی نے اہم سنگ میل عبورکیا۔آرمی چیف کا واضح مؤقف ہے کہ قواعد و ضوابط کے بغیر آزادی اظہاررائے تمام معاشروں میں اخلاقی قدروں کی تنزلی کا باعث بن رہی ہے۔اس سال گمراہ کن پروپیگنڈے ، فیک نیوز اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے قانون سازی کی گئی۔