شہید محترمہ بے نظر بھٹو کی برسی، صدر آصف زرداری سکھر پہنچ گئے
شہید محترمہ بینظیر بھٹوکی گڑھی خدا بخش میں 17ویں برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری 3 روزہ دورے پر سکھر پہنچ گئے۔ سکھر ایئرپورٹ آمد پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب سلیم حیدر، خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور پیپلزپارٹی کی سینیئر قیادت بھی موجود تھی، بعد ازاں آصف علی زرداری سکھر ایئرپورٹ سے نوڈیرو ہاؤس روانہ ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل بی بی شہید کی برسی ہے، یوم شہادت منایا جائے گا، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے گورنر بھی موجود ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر سے عوام آکر بی بی شہید کو خراج عقیدت پیش کریں گے، مزید کہا کہ بلاول بھٹو واضح اکثریت حاصل کرکے وزیر اعظم ضرور بنیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ سندھ کو اس کے حق کا بجٹ ملنا چاہیے، اس سال رقم مختص کی گئے ہے مگر ریلیز بہت سلو ہے۔گزشتہ روز رچرڈ گرینل کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے لیے دیئے گئے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا فیصلہ امریکا نے نہیں کرنا، ان پر کیسز ہیں، اگر وہ بے قصور ہوں گے تو رہا ہوجائیں گے۔