مہنگائی سے نمٹنے کیلئے حکومت کی کثیر جہتی حکمت عملی کے مثبت نتائج برآمد
مہنگائی سے نمٹنے کیلئے حکومت کی کثیر جہتی حکمت عملی کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اس پالیسی میں مالیاتی استحکام،مانیٹری پالیسی میں ایڈجسٹمنٹ اور ٹارگٹڈ ریلیف کے اقدامات شامل ہیں۔سمندر پار سرمایہ کاروں کے ایوان صنعت و تجارت کے بزنس کانفیڈنس سروے کے مطابق افراط زر کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی اور نومبر دوہزار چوبیس میں افراط زر کی شرح چار اعشاریہ نو فیصد تک کم ہوگئی۔
خزانہ ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران سمندرپار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلا ت زر میں بھی تینتیس اعشاریہ چھ فیصد اضافہ ہوا اور یہ چودہ ارب اسی کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اس کے علاوہ رواں مالی سال میں جولائی سے نومبر کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اکتیس اعشاریہ تین فیصد کا اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق بلوم برگ نے پاکستان کے سٹاک ایکسچینج کو دوہزار چوبیس میں بہترین کارکردگی دکھانے والی سٹاک مارکیٹوں میں شامل کیا ہے۔