بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

صدر اور وزیراعظم کے قائد اعظم کی پیدائش اور کرسمس پر علیحدہ علیحدہ پیغامات

صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قائد اعظم کے 148 ویں یوم ِپیدائش اور کرسمس 2024 کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغام جاری کردیے۔آصف زرداری نے کہا کہ قائدِاعظم کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، قائدِ اعظم نے سیاسی جدوجہد کے ذریعے تاریخ کا دھارا بدلا، قائداعظم کے عزم اور استقلال کے بدولت مسلمانوں کو آزاد وطن حاصل ہوا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے، خوشحال اور انصاف پر مبنی قوم بننے کا سفر ابھی جاری ہے، قانون کی حکمرانی کی اقدار برقرار رکھنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم کے 148 ویں یوم پیدائش پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم نے وہ کر دکھایا، جسے بہت سے لوگ ناممکن سمجھتے تھے، بابائے قوم کی انتھک محنت کی بدولت وطن پاکستان معارض وجود میں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم نادر صلاحیتوں کے رہنما تھے، قائد اعظم اتحاد، انصاف اور مساوات پر گہرا یقین رکھتے تھے، قائداعظم کی میراث سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ آج قائد اعظم کے اقدار سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرنے کا دن ہے، قوم کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے انتھک محنت کرنا ہے۔اس کے علاوہ وزیراعظم نے کرسمس 2024 کے موقع پر مسیحی بہنوں اور بھائیوں کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت تمام مذہبی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

اشتہار
Back to top button