قومی
سیکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 16 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں خوارج نے چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی جہاں 16 جوان شہید ہوگئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔