عماد وسیم اور محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی
آل راؤنڈر عماد وسیم اور بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں کھلاڑی آخری بار پاکستان کے لیے اس سال امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلے تھے۔
35 سالہ عماد نے مئی 2015 میں زمبابوے کے خلاف اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا اور 55 ون ڈے اور 75 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اپنے بین الاقوامی کریئر میں 130 میچوں میں 117 وکٹیں حاصل کیں اور 1,540 رنز بنائے۔
32 سالہ عامر نے جون 2009 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے بعد پاکستان کے لیے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی کھیلے۔ عامر نے تینوں فارمیٹس میں 271 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں اور 1,179 رنز بنائے۔
عامر اور عماد گزشتہ برسوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کلیدی رکن رہے ہیں اور انہوں نے اپنے اپنے کریئر کے آغاز میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی بھی نمائندگی کی۔
عامر 2009 کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ تھےجبکہ دونوں 2017 کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ بھی تھے۔
عماد وسیم کا کہنا ہے کہ یہ میرے ملک کی نمائندگی کرنے اور ایک بہت بڑے خواب کی تکمیل کا ایک بہترین سفر رہا ہے۔ میں شائقین کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے ان برسوں میں مجھے اور ٹیم کو سپورٹ کیا۔ میں ہر قدم پر پی سی بی کے تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا اور میں قومی ٹیم کی شاندار کامیابی کی خواہش کرتا ہوں اور اب گراؤنڈ کے دوسری طرف سے پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرنے کا منتظر ہوں۔
محمد عامر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔ میں جانتا ہوں کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ اگلی نسل کے لیے ذمہ داری سنبھالنے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا صحیح وقت ہے۔ میں پی سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے کئی برسوں میں ہمیشہ انتہائی ضروری سپورٹ فراہم کی اور میں ٹیم کی کارکردگی کو دیکھنے کا منتظر ہوں۔ میں پاکستانی شائقین کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے اپنے کریئر میں ہمیشہ میری حمایت کی۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے میں عامر اور عماد کا پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔